اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے حریت رہنماؤں الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر اور راجہ معراج الدین کو پولیس کی طرف سے گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو عملاً ایک پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا گیا ہے، یہاں مظلوم قوم کی مسلّمہ قیادت کو طاقت اور بندوق کے بل بوطے پر نت نئے حربے استعمال میں لاکر دبانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔ سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں سید علی گیلانی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے کل رات سات بجے تحریک حریت راہنماؤں کو اپنے گھروں سے گرفتار کرکے پہلے کوٹھی باغ تھانے میں بند کردیا اور بعد میں انہیں کچھ دیر پولیس تھانے راجباغ میں رکھنے کے بعد پھر کوٹھی باغ تھانہ میں نظربند کردیا گیا۔
سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ حریت رہنماؤں کو اصل میں گرفتار اس لئے کیا جاتا ہے تاکہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی کو اقوامِ عالم تک پہنچنے سے روکا جاسکے، ورنہ ان کو گرفتار کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا۔ سید علی شاہ گیلانی نے پولیس کارروائی کو غیر اخلاقی اور غیر انسانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی قائدین کو گرفتار کرنے سے نہ کو کبھی حالات میں تبدلی واقع ہوئی ہے اور نا ہی ایسا آئندہ ممکن ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان حربوں سے ریاست کے لوگوں کو زیرِ کیا جاتا تو اس کے لئے ستر سال کافی تھے، مگر ان حربوں سے نہ تو کبھی آزادی پسند قیادت مرعوب ہوئی ہے اور نہ ہی آئندہ ایسا ہوگا۔
.......
/169